خطے کی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ کے لئے بولٹن کی یو اے ای آمد
امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے جلو میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن منگل کی شب متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابو ظبی پہنچ گئے۔ بولٹن ایک ایسے وقت میں امارات کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب سعودی عرب کی میزبانی میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس بھی منعقد ہو ر ہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی'اے ایف پی' نے متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جان بولٹن اماراتی حکام کے ساتھ خطے کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ اس وقت خلیج اور مشرق وسطیٰ کا خطہ ایران اور امریکا کی باہمی کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب امریکا نے ایرانی تیل کی عالمی منڈی میں سپلائی پر پابندی عاید کر دی تھی۔
جمعرات کے روز سعودی عرب کی میزبانی میں خلیجی اور عرب سربراہ کانفرنسیں جب کہ آئندہ جمعہ کو اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بھی سعودی عرب میں ہو رہا ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جان بولٹن کو ٹرمپ انتظامیہ میں 'مرد جنگ' تصور کیا جاتا ہے۔ بولٹن امریکا میں نیو کنزر ویٹیو گروپ سے وابستہ ہیں اور ایران کے حوالے سے انتہائی سخت موقف رکھتے ہیں۔