.

موجودہ حالات میں عرب مُمالک کو باہمی یکجہتی کی زیادہ ضرورت ہے: عبداللہ بن زاید

اماراتی وزیرخارجہ کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے قاہرہ میں‌ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اماراتی وزیر خارجہ نے کہا ’’کہ موجودہ حالات میں عرب ممالک کو مشترکہ چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کی زیادہ ضرورت ہے۔‘‘

العربیہ ڈاٹ نیٹ‌ کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ ان کا ملک خلیجی خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں‌ نے کہا کہ لیبیا میں امن واستحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر تمام ممالک کے درمیان اتفاق رائے موجود ہے۔

صدر السیسی نے مختلف چیلنجوں کا سامنا کرنے والے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا۔

دونوں‌ رہ نمائوں نے دہشت گردی کے خلاف باہمی تعاون جاری رکھنے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا۔

عبداللہ بن زاید نے خطے میں امن وامان کے قیام کے لیے مصری کردار کو سراہا اور کہا کہ امن واستحکام کے لیے قاہرہ کی طرف سے تعاون مثالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے عرب ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔