.

عازمین حج کا پہلا قافلہ جمعرات کو سعودی عرب پہنچے گا

جدہ اور مدینہ منورہ کے ہوائی اڈوں پر 30 پروازیں عازمین حج کو لے کر اتریں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت حج، دیگر سرکاری محکموں اور نجی اداروں نے رواں سال کے فریضہ حج کی ادائی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ دوسری جانب جمعرات 4 جولائی بہ مطابق 2 ذی القعدہ بیرون ملک سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ بنگالی عازمین حج پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی سرزمین پر قدم رکھے گا۔

وزارت حج وعمرہ کے مشیر حاتم قاضی نے 'العربیہ ڈاٹ نیٹ' کو بتایا کہ رواں سال عازمین حج کا پہلا قافلہ کل 4 جولائی کو سعودی عرب پہنچے گا۔ مجموعی طور پر بنگلہ دیش اور دوسرے ملکوں سے عازمین حج کو لانے والی 30 پروازیں جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ میں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پر اتریں‌ گی۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کے مہمانوں کے استقبال کے لیے تمام سہولیات مکمل ہیں۔ سعودی حکومت، تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے فریضہ حج کی ادائی کے لیے آنے والے مہمانوں کی ہر ممکن خدمت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حاتم قاضی کا کہنا تھا کہ وزارت حج کے بیرون ملک حجاج کے معاملات کی نگرانی کرنے والے شعبے کے حکام دوسرے ممالک کے حج کمیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کو مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور دوسرے شہروں میں آمد ورفت، رہائش اور مشاعر مقدسہ تک پہنچانے میں مدد فراہم کریں‌ گے۔