سعودی فوٹوگرافر "طائف کا گلاب" دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے کوشاں
سعودی فوٹوگرافر احمد بن ناشی مملکت کے مغربی شہر طائف کے باغوں میں کِھلنے والے گلاب کے خوب صورت پھولوں کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کے واسطے سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا مقصد طائف کے گلابوں کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کر کے انہیں دنیا کے سامنے لانا ہے۔
طائف کے رہائشی ہونے کی حیثیت سے احمد کے دل میں یہ خواہش جاگی کہ وہ اپنے شہر کے گلاب کے پھول کو دنیا کے سامنے متعارف کروائیں اور تصویر کی خوب صورتی کے ذریعے لوگوں کو اس گلاب کی خوشبو پہنچ جائے۔
احمد نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ "الحمد للہ ... میری تصاویر کو سعودی عرب میں اور بیرون مملکت بہت زیادہ پسند کیا گیا اور سراہا گیا"۔ احمد کے مطابق وہ ایک نمائش کےانعقاد کے خواہش مند ہیں جہاں ان کے طائف کے گلاب کی لی گئی متعدد تصاویر رکھی جائیں۔ اس طرح پوری دنیا کے لوگ ان گلابوں کی خوب صورت سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
احمد ناشی نے بتایا کہ وہ گذشتہ دو سالوں کے دوران طائف میں گلاب کے پھولوں کے باغوں کے چکر لگاتے رہے۔ اس دوران انہیں ان پھولوں کے سیزن کے علاوہ عرق گلاب اور دیگر خوشبوؤں کی تیاری کے حوالے سے جان کاری حاصل ہوئی۔
احمد کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہوں نے سادہ طریقے سے اپنے موبائل فون کے ذریعے ان گلابوں کی تصاویر لیں۔ احمد کے مطابق بچپن سے ہی وہ جہاں بھی گلاب کے پھول دیکھتے وہاں رک جاتے اور ان کی تصاویر بنا لیتے۔ سال 2013 میں احمد کے بھائی نے ان کو ایک پروفیشنل کیمرا بطور تحفہ پیش کیا۔ اس طرح احمد نے پیشہ وارانہ فوٹوگرافی کے میدان میں قدم رکھا اور چاروں فصلوں میں طائف کے گلابوں کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنا شروع کیا۔