.

مسجد حرام کی روزانہ صفائی کے لیے جراثیم سے پاک 2155 لیٹر مواد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مسجد حرام میں فنی اور خدماتی امور کی عام انتظامیہ حرم شریف کے اندرونی حصوں، اس کے صحنوں اور بیرونی راہداریوں کو صاف اور جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے روزانہ 2155 لیٹر خوشبو اور صفائی کا مواد استعمال کرتی ہے۔

تطہیر کا یہ عمل چوبیس گھنٹے جاری رہتا ہے اور اس کے لیے ایک مربوط ٹیم مختص ہے۔ مذکورہ ٹیم اپنی ذمے داریوں کو پوری تندہی کے ساتھ انجام دیتی ہے تا کہ بیت اللہ کی زیارت کرنے والے افراد مکمل اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔

متعلقہ انتظامیہ کے سربراہ جابر ودعانی کے مطابق مسجد حرام اور اس سے متصل مقامات کو روزانہ تین مرتبہ دھویا جاتا ہے۔ اس عمل میں 1830 لیٹر ماحول دوست (جراثیم کش) مواد کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح مسجد حرام کے فرشوں، قالینوں اور ملحقہ بیرونی مقامات کو معطر رکھنے کے لیے 325 لیٹر خوشبو استعمال ہوتی ہے۔

دوسری جانب حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام کے زائرین کو متعدد تحائف پیش کیے۔ یہ کارروائی مذکورہ پریذیڈنسی کی خصوصی مہم (معتمرین کی خدمت ہمارا اعزاز) کے دوسرے سیزن کے ضمن میں عمل میں آئی۔ پریذیڈنسی کے اہل کاروں نے معتمرین کو ہلکے پھلکے بیگ فراہم کیے تا کہ اللہ کے مہمان اپنی ضروریات کی اشیاء ان میں رکھ سکیں۔