.

تمام کرونا متاثرین کے مفت علاج پر عالمی ادارہ صحت کا شاہ سلمان کے لیے اظہارِ تشکّر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر ٹدروس ایڈینوم گیبریسوس نے سعودی عرب میں کرونا سے متاثرہ تمام افراد کے مفت علاج سے متعلق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اعلان پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سعودی فرماں روا نے پیر کے روز حکم جاری کیا تھا کہ مملکت میں موجود مریضوں میں شامل تمام شہریوں ، غیر ملکی مقیمین اور اقامے کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو مفت علاج فراہم کیا جائے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ "تمام لوگوں کی صحت کے حوالے سے خصوصی توجہ دینے اور کرونا کی روک تھام کے لیے تمام لوگوں کے مطلوبہ طبی خدمات کے حصول کو یقینی بنانے کے واسطے خادم الحرمین الشریفین کی قیادت اور پاسداری پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ... ہم امید کرتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی قائدانہ کردار اور یک جہتی کے سلسلے میں آپ کے نقش قدم پر چلیں گے"۔

سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں ویزے کی خلاف ورزی کے مرتکبین اور زائد المیعاد قیام کرنے والے افراد سمیت ،،، کرونا وائرس کے تمام متاثرین کے مفت علاج کا حکم دیا ہے۔ پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں الربیعہ نے کہا کہ جن لوگوں میں بھی کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں وہ کسی سرکاری یا نجی اسپتال میں علاج کے لیے جانے سے ہچکچائیں نہیں۔ شاہ سلمان کے نئے حکم کے تحت وہ مناسب طریقے سے اپنا علاج کرائیں۔

سعودی عرب نے اتوار کو کرونا وائرس سے چار مزید مریضوں کی موت کی تصدیق کی تھی۔ بعد ازاں پیر کو 154 نئے کیسوں کے سامنے آنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اب تک مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 1453 ہوچکی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے عالمی سطح پر کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں اضافے کے واسطے 9 مارچ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو 1 کروڑ امریکی ڈالر کی مالی سپورٹ پیش کی تھی۔