.

قافلہ حجاج میں شمولیت پر مسرت سے سرشار تونسی خاتون کا سعودی قیادت سے اظہار تشکر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں قیام پذیر ایک تونسی خاتون ڈاکٹر ھیفا یوسف حمدون رواں سال فریضہ حج ادا کرنے والے خوش قسمت مسلمانوں میں شامل ہیں۔ رواں سال چونکہ کرونا کی وبا کی وجہ سے حج کو سعودی عرب کے اندر تک کے مسلمانوں تک محدود کیا گیا تھا، اس لیے ڈاکٹر ھیفا حمدون کو یہ توقع نہیں تھی کہ اس بار اسے حج کی سعادت حاصل ہو سکے گی۔ مگر جب اسے معلوم ہوا کہ سعودی وزارت حج نے اس کی درخواست منظور کرلی ہے تو اسے خوش گوار حیرت ہوئی۔

ایک ویڈیو میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ھیفا یوسف حمدون نے کہا کہ اپنا نام حجاج کی فہرست میں‌ شامل دیکھ کر میری خوشی کی انتہا نہ تھی۔ مجھے حج کےلیے منتخب کیے جانےکی خبر سعودی وزارت حج کے ٹویٹر اکائونٹ سے ملی اور میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی۔

اس کا کہنا ہے کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ اس بار میرا نمبر حجاج میں‌آئے گا کیونکہ سعودی حکومت نے اندرون ملک مقیم غیرملکیوں کی ایک محدود تعداد کو اس بار حج کے لیے شامل کیا ہے۔

اس نے فریضہ حج کی سعادت کا موقع فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بم سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب ملک بھر سے عازمین حج کے قافلے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ رہے ہیں۔ حج کے موقعے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے ساتھ ساتھ حجاج کرام کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنائے کے لیے سخت طبی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔