سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کو ایرانی فرقہ وارانہ پروگرام سے نجات دلائی
یمنی حکومت کا سعودی عرب کی قیادت سے اظہار تشکر
یمن کی آئینی حکومت نے کہا ہے کہ سعودی عرب یمنی قوم کے لیے ایک نجات دہندہ ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب فوجی اتحاد نے یمنی عوام کو ایران کے فرقہ وارانہ سازشی پروگرام سے بچانے میں مدد کی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری بہادر مسلح افواج اور قبائل سعودی عرب کی زیرقیادت عرب اتحاد کی معاونت سے حوثی دہشت گردوں کو شکست دینے اور یمن میں ایرانی فرقہ وارانہ پروگرام کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
حکومت کا کہنا کہ ہے کہ یمن میں انقلاب کے دفاع، جمہوری نظام کے قیام اور یمن کے عرب تشخص کے دفاع کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔
یمنی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں حوثی باغیوں کے خلاف مسلح افواج کی قربانیوں، حکومت کے حامی قبائل کی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے دی گئی جان ومال کی قربانیوں کی تعریف کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب اتحاد کی کاوشوں اور یمنی فوج اور مزاحمتی قوتوں کی قربانیوں کی بہ دولت یمن کو ایران کے فرقہ وارانہ سازشی پروگرام سے بچا لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے یمن میں اپنے پروگرام پرعمل درآمد کے لیے حوثی ملیشیا کے ذریعے جال بچھانے کی ناکام کوشش کی۔
کل جمعرات کے روز یمن کے وزیراعظم معین عبدالملک کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں یمن میں سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال، حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن اور مختلف محاذوں پر ہونے والی فتووحات پرغور کیا گیا۔
قبل ازیں یمن کے آرمی چیف جنرل صغیر بن عزیز نے صنعا میں اگلے مورچوں کے دورے کے موقعے پر خطاب میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب عسکری اتحاد کی حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی میں معاونت کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔