.

سعودی عرب: کوہِ الشفا میں ژالہ باری نے موسم سرما کے نئے رنگ بکھیر دیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مغرب میں‌واقع مشہور پہاڑی علاقے 'کوہ الشفا' میں گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی بارش اور ژالہ باری نے جہاں ایک طرف موسم کو مزید سرد کردیا وہیں ژالہ باری کے نتیجے میں‌ پہاڑوں کی چوٹیوں نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی۔ بارش نے سرسبز درختوں کو دھو ڈالا اور ان کی چمک دمک اور بھی فروزاں ہوگئی۔
کوہ شفا میں بارش، پہاڑوں پر برف باری اور ژالہ باری کے دلفریب مناظر فوٹو گرافر ولید الطلحی نے اپنے کیمرے میں محفوظ کرکے ان مناظر کو یادگار بنا دیا۔ پہاڑوں پر ہرسو سفیدی چھائی ہوئی ہے اور دیکھنے والوں کو لطف نظارہ دیتی ہے۔
درختوں میں گھری ان پہاڑی چوٹیوں پرژالہ باری کی سفیدی نے قدرت کے نئے رنگ بکھیر دیے ہیں۔ پہاڑوں پر بارش اور ژالہ باری وقفے وقفےسے دو دن تک جاری رہی۔
طایف کے ٹور گائیڈ احمد الجعید نے العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الشفا کا علاقہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ یہ پہاڑ مغرب میں تہامہ کی پہاڑی چوٹیوں سے کم بلندی پر واقع ہے، یہی وجہ ہے کہ موسم سرما میں اس کے موسم کے اپنے ہی پر کیف نظارے ہوتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوہ الشفا قدرتی مناظر سے بھرپور ایک بلند مقام ہے جس پر سرسبز درخت، سردیوں میں شدید سردی اور موسم گرما میں معتدل موسم، بارشیں، ژالہ باری اور بعض اوقات سردیوں میں برف باری اس کی پہچان ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے ایک رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ مشرق کی سمت سے چلنے والی غبار آلود ہوائیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو آج بھی اپنے لپیٹ میں لیے رکھیں گی۔ تاہم سعودی عرب کے جنوب مغربی اورشمالی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحر احمر میں نچلی سطح کی ہوائیں چلنے، مملکت کےجنوب مغرب سے جنوب مشرق کی سمت میں 15 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔