یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کی افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کی صبح بتایا ہے کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض شہر کی سمت داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا۔ علاوہ ازیں مملکت کی سمت بھیجے گئے 6 بارودی ڈرون طیاروں کا راستہ بھی روک دیا گیا۔ حوثیوں کی اس کارروائی کا مقصد جنوبی علاقے اور اسی طرح جازان اور خمیس مشیط میں شہریوں کو منظم اور دانستہ طور پر نشانہ بنانا ہے۔
ترجمان کے بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ سعودی رائل ایئر فورس حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ علاقوں کے اندر سے بھیجے جانے والے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کو روکنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔
ترکی المالکی نے باور کرایا کہ عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی انسانی قانون کی رعایت کے ساتھ مذکورہ حملوں سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی عمل درامد کیا جا رہا ہے۔