سعودی عرب میں کرونا ویکسین لگوانےوالوں کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ سے متجاوز
سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ’العربیہ‘ چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک مملکت میں کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہریوں کی تعداد 14 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ جیسے ویکسین وافر مقدار میں ذخیرہ ہوئی شہریوں کو لگوانے کا عمل شروع ہوجائے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ویکسین کی فراہمی بہتر اور زیادہ فعال ہو۔
چند روز قبل سیکرٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے بتایا تھا کہ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک موخر کی گئی ہےتاکہ پہلی خوراک کے مثبت نتائج سامنے آسکیں اور ویکسین لگوانے والے افراد کے جسم میں درکار قوت مدافعت کا پتا چلایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں خوراکوں کے درمیان کوئی مثالی مدت نہیں ہوسکتی۔
ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے کہا کہ بعض میں کرونا ویکسین کی دو خوراکوں میں تین ماہ کا وقفہ ہے جب کہ بعض ممالک اپنے شہریوں کو پہلی خوراک کے چار ماہ بعد دوسری خوراک دیتے ہیں۔ اس حوالے سے آبادی کی نوعیت ہی فیصلہ کن ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کی دوسری خوراک عالمی سفر کے لیے شرط نہیں۔ بعض ممالک دوسرے ملکوں سے آنے والے شہریوں کو بنیادی قرنطین کی پابندی کراتےہیں۔