سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے معاہدوں میں انشورنس کوریج پر عمل 2022ء سے ہو گا
سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کو اجرت پر بھرتی کرنے کے معاہدے میں انشورنس کوریج شامل کرنے پر عمل درامد کا آغاز آئندہ برس 2022ء کے اوائل سے ہو گا۔ اقدام پر عمل درامد سعودی وزارت برائے انسانی وسائل و سماجی بہبود کی جانب سے کرایا جائے گا۔ وزارت کو سعودی عرب کے مرکزی بینک کا تعاون بھی حاصل ہو گا۔
سعودی روزنامے "الاقتصادیہ" نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انشورنس کوریج کو تکنیکی طور سے "مساند" کے پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ انسانی وسائل اور سماجی بہبود کی وزارت بعد میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس اقدام کے نفاذ کا طریقہ کار جاری کرے گی۔ متعلقہ اداروں میں سعودی مرکزی بینک اور وزارت داخلہ شامل ہیں۔
وزارت کی جانب سے اعلان کردہ معلومات کے مطابق اس فیصلے سے آجر اور کارکن دونوں کے حقوق اور فوائد کو ضمانت حاصل ہو گی۔
اس فیصلے سے سعودی لیبر مارکیٹ زیادہ پر کشش بن جائے گی، معاہدانہ تعلقات بہتر ہوں گے، گھریلو ملازمین کی بھرتی کی مارکیٹ کے خطرات میں کمی آئے گی اور تمام فریقوں کے حقوق کو ضمانت حاصل ہو گی۔
یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے رواں سال مئی میں گھریلو ملازمین کے معاہدوں میں انشورنس کوریج شامل کرنے سے متعلق سفارشات کی منظوری دی تھی۔ فیصلے کے مطابق پہلے دو سال کے لیے انشورنس کے اخراجات ریکروٹنگ فرموں اور آجروں کے بیچ طے پانے والے معاہدوں میں شامل کی جائے گی۔ دو سال بعد آجر کی جانب سے ملازم کے قیام کی تجدید کی صورت میں انشورنس کوریج اختیاری ہو گی۔