انجلینا جولی کی ہم شکل ایران کی عرب اداکارہ سمیہ صیاحی سے ملیے

’ایرانی ہونا یا ماڈلنگ نہیں بلکہ سمیہ کو عرب ہونے پر فخر ہے‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران میں کچھ عرصہ قبل امریکی اداکارہ انجلینا جولی سے متاثر ایک خاتون نے اپنی پلاسٹک سرجری کرائی جس کے نتیجے میں اس کی شکل مزید بگڑ گئی تھی۔ مگرایران ہی کی سرزمین سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان ماڈل ایسی بھی ہیں جو کسی پلاسٹک سرجری کے بغیر انجلینا جولی کی ہم شکل ہیں۔

ایرانی ماڈل سمیہ صیاحی سوشل میڈیا پر’رامانا سیاحی‘ کے فرضی نام کے ساتھ مشہور ہیں۔ ان کا تعلق ایران کے صوبہ اھواز سے ہے۔ اھواز ایران کا واحد صوبہ ہے جس میں عربی زبان بولی جاتی ہے۔ سمیہ صیاحی بھی عربی بولتی اور اس پر فخر کرتی ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں ایک ٹی وی چینل کو انٹریوو دیتے ہوئے اپنےعربی ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔

ایران کے ’بارسینہ‘ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والد اھواز کے عرب جب کہ ماں تہران سے ہیں۔ مجھے اپنے عربی النسل ہونے پر فخر ہے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اداکارہ اور ماڈل سمیہ صیاحی نے ایرانی چینل پر بات کرتے ہوئے اپنے عرب ہونے پر فخر کا اظہار کرکے عربوں سے نفرت کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے عراق میں سرکاری سطح پر، شوبز اور کھیلوں کے شعبوں حتی کہ پبلک میں بھی عربوں کے خلاف نفرت دیکھی جا رہی ہے۔ ایسے میں سمیہ نے عرب ہونے پر فخر کا اظہار کرکے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے۔

سمیہ نے انٹرویو میں واضح کیا کہ اس نے امریکی اداکارہ انجلینا جولی کی شکل اپنانے کے لیے کسی قسم کی پلاسٹک سرجری نہیں کرائی بلکہ یہ مماثلت قدرتی ہے۔ سمیہ کا کہنا ہے کہ مُجھے انجلینا جولی کا متبادل نہ کہا جائے۔ میرے اپنے حالات ہیں اور میں اپنی مرضی کی زندگی گذارتی ہوں۔

سمیہ کا کہنا ہے کہ میں ایک بار پیرس میں تھی۔ اتفاق سے انجلینا جولی وہاں اپنے ایک کام کی تشہیر کے لیے موجود تھی۔ میری ایک دوست نے مجھے بتایا کہ میں تمہیں جولی کے پاس لے جا سکتی ہوں۔ میں نے جولی کے پاس جانے سے منع کردیا۔ میں نے اسے کہا کہ میں اگر انجلینا جولی کے مشابہ ہوں تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ وہ کونسا مجھے ملنا چاہتی ہے کہ میں دوڑتی اس کے پاس چلی جاؤں۔

سمیہ صیاحی جو کہ "رامانا سیاحی" کے نام سے مشہور ہیں 1985 میں اہواز میں پیدا ہوئیں۔ وہ اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔ جب وہ 18 سال کی تھیں ان کی والدہ نے انہیں اور اداکارہ انجلینا جولی کے درمیان غیرمعمولی مماثلت کی طرف توجہ دلائی۔ جب سے وہ شوبزکی دنیا میں داخل ہوئیں تو ان کے اور امریکی اداکارہ کے درمیان حیران کن مماثلت پرایرانی میڈیا میں اس کے کافی چرچے ہوئے۔

انہوں نے ایرانی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ "جب بھی میں بیرون ملک سفر کرتی ہوں لوگ سوچتے ہیں کہ میں انجلینا جولی ہوں۔ وہ مجھ سے آٹو گراف مانگتے ہیں لیکن جب میں ان سے کہتی ہوں کہ میں انجلینا جولی نہیں ہوں تو وہ میرا یقین نہیں کرتے‘‘۔

سمیہ صیاحی نے اپنے کیریئر کا آغازفیشن ماڈلنگ سے کیا۔ پھر بیوٹی پروڈکٹ پروموٹر بن گئیں اور اس کے بعد اس نے تھیٹر اور سنیما کی دنیا میں قدم رکھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں