افریقی عرب ملک الجزائرمیں ہونے والےعرب سربراہ اجلاس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان طبی وجوہات کی بنا پر شرکت نہیں کرسکیں گے تاہم سعودی عرب کی طرف سے کانفرنس میں وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد شرکت کرےگا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے شاہی دربار کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو الجزائر میں ہونے والی عرب سمٹ میں شرکت کی ہدایت کی تھی تاہم شاہی معالجین نے ولی عہد کو براہ راست ہوائی جہاز کے طویل سفر سے گریز کا مشورہ دیا۔
شاہی ڈاکٹروں کی ٹیم نے سفارش کی کہ عزت مآب شہزادہ ’نان اسٹاپ‘طویل فاصلے کا فضائی سفر نہ کریں۔سفر کی وجہ سے ان کے کان پر دباؤ اور کان کے اندرونی حصے کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد ولی عہد نے برادر عرب جمہوریہ الجزائر کے سفرسے معذرت کرتے ہوئے وزیرخارجہ شہزادہ فرحان بن عبدالعزیز کی قیادت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد سمٹ میں شرکت کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔