سعودی عرب کے شہر طائف کے قریب السیل روڈ پرایک بس کے الٹنے سے اس میں سوار 20 افراد زخمی ہوگئے۔
مکہ المکرمہ کے علاقے میں سعودی ہلال احمر نے بتایا کہ سوموار کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے طائف کی جانب طائف السیل روڈ پر ایک بس حادثے کے بارے میں اطلاع ملی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور طبی امدادی ٹیموں کو ایمبولینس کے ساتھ جائے حادثہ پرروانہ کیا گیا جنہوں نے متاثرہ افرا کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
جب پہلی ایمبولینس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو یہ واضح ہوا کہ وہاں 20 ایمرجنسی کیسز تھے اور سول ڈیفنس کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے کے بعد اتھارٹی نے فوری طور پرانہیں اسپتالوں میں منتقل کیا۔ ان میں سے ایک شدید زخمی ہے۔ تین دیگر کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں، جبکہ باقی کیسز کو معمولی قرار دیا گیا۔
ایمبولینسوں کی مدد سے زخمیوں کو طائف کے شاہ عبدالعزیز سپیشلسٹ اسپتال اور شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔