لبنان کے صدر میشل عون نے اتوار کے روز ایوان صدر کو چھوڑ دیا ہے۔ وہ اس منصب سے سبکدوش ہونے کے بعد پیدل چلتے ہوئے ایوان صدر سے باہر آئے اور قومی ترانے کے بعد لوگوں سے خطاب کیا ۔
ان کی چھ سالہ صدارتی مدت گذشتہ روز 30 اکتوبر 2022 کوختم ہوگئی تھی۔ تاہم ابھی ان کے جانشین کا فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ وہ صدارت سے ایسے حالات میں سبکدوش ہوئے جب ملک معاشی اعتبار سے سخت کمزور حالت میں ہے۔
اس صورت حال میں ان کے جانشین کا انتخاب بھی نہیں ہو سکا ۔ اب کایبنہ ہی ان کے منصب کو ایک نگران کے طور پر چلائے گی۔ سابق ہونے والے صدر کے حامیوں نے ایک بڑے سے قومی پرچم کے ساتھ ان کا خیر مقدم کیا۔
89 سالہ میشل عون کے دور صدارت میں لبنان کی معاشی بد حالی اپنی انتہا پر رہی ، نیز انہی کے دور میں لبنان کی بندر گاہ پر خوفناک اور تباہ کن دھماکہ ہوا تھا۔
لبنانی پارلیمنٹ ابھی تک متفق نہیں ہو سکی کہ ان کا جانشین کون ہو گا۔ قانون سازی کے معاملات میں کسے دستخط کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ کون نیا وزیر اعظم مقرر کرے گا اور کس کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ حکومت سازی کے لیے وزیر اعظم کو گرین سگنل دے گا۔