یو اے ای کے رہائشیوں کے لیے خلا میں موجود ہم وطن ’النیادی‘ سے بات کرنے کا موقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اماراتی خلاباز النیادی یو اے ای کے رہائشیوں سے خلا سے براہ راست بات کریں گے۔

سرکاری نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ محمد بن راشد اسپیس سینٹر نے ایک پروگرام کا اعلان کیا ہے جہاں شائقین کو اماراتی خلاباز سلطان النیادی کے ساتھ براہ راست خلا میں بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔

"آ کال ود سپیس" کے نام سے یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات کے مختلف مقامات پر منعقد کیا جائے گا، جس کا آغاز منگل، 21 مارچ کو دبئی اوپیرا میں دوپہر 2:30 بجے ہونے والی پہلی لائیو کال سے ہو گا۔

دلچسپی رکھنے والے افراد دبئی اوپیرا کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے النیادی کے ساتھ بات چیت کا موقع حاصل کرنے کے لیے اپنی نشستیں بک کر سکتے ہیں۔

النیادی عرب دنیا کے اب تک کے سب سے طویل خلائی مشن پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرموجود ہیں۔

اسپیس سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل، سالم حمید المری نے کہا کہ"ہمارا مقصد نوجوان ذہنوں کو بڑے خواب دیکھنے اور خلا کے دائرے اور اس سے باہر اپنے عزائم کو آگے بڑھانے کی ترغیب دینا ہے۔"

ہر عمر کے خلائی شائقین کو النیادی سے خلا میں رہنے، خلابازوں کے روزمرہ کے معمولات، اور ان سائنسی تجربات کے بارے میں سوالات کرنے کا موقع ملے گا جو وہ خلا میں اپنے سائنسی مشن پر مائیکرو گریوٹی میں کر رہے ہیں۔

النیادی دوسرے اماراتی اور عرب خلاباز ہیں جو گردش کرنے والی سائنسی لیبارٹری میں سوار ہیں۔

اس ماہ کے شروع میں، النیادی نے خلاء سے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد سے بھی بات کی تھی جو ناسا ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں