سعودی آرامکو عراق میں 40 کروڑ مکعب فٹ یومیہ پیداوار کی حامل گیس فیلڈ تیار کرے گی
عراقی وزیر تیل حیان عبدالغنی نے کہا ہے کہ سعودی تیل کمپنی آرامکو عراق میں ایک گیس فیلڈ تیار کرے گی۔اس گیس فیلڈ سے روزانہ 40 کروڑ مکعب فٹ سے زیادہ گیس پیدا ہوگی۔
عراقی وزارت تیل نے وزیرعبدالغنی کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ سعودی آرامکو مغربی صوبہ الانبار میں عکاس گیس فیلڈ میں سرمایہ کاری اور ترقی کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ نیبراس منصوبہ میں سرمایہ کاری کا ابتدائی معاہدہ طے پاگیا ہے۔ جوعراق اور خطے میں پیٹروکیمیکل صنعتوں میں سب سے زیادہ امید افزا تزویراتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔
حیان عبدالغنی نے یہ اعلان سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقدہ سعودی عراقی رابطہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کیا ہے۔