اسرائیلی فوج نے زخمیوں کو زندہ دفن کیا، فلسطینی اتھارٹی کا عالمی تحقیقات کا مطالبہ

کمال عدوان ہسپتال کے "جرم" میں اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکی انتظامیہ بھی ذمہ دار ہے: حماس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

فلسطینی وزیر صحت نے ان رپورٹس کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا جن میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کے صحن میں زخمیوں کو زندہ دفن کر دیا تھا۔

فلسطینی خاتون وزیر صحت ’’می الکیلہ‘‘نے ہفتے کی شام کہا کہ شہریوں اور طبی اور میڈیا ٹیموں کی معلومات اور شہادتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ قابض اسرائیل نے شہریوں کو ہسپتال کے صحن میں زندہ دفن کر دیا تھا اور ان میں سے کچھ کو محاصرہ کئے جانے سے پہلے زندہ دیکھا گیا تھا۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے بھی ان رپورٹس کی فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ قابض اسرائیل نے کمال عدوان ہسپتال کے صحن میں گھناؤنے اور ہولناک جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

اس سے قبل ’’تحریک اسلامی جہاد‘‘ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال کے ارد گرد بے گھر ہونے والے افراد کے خیموں کو بلڈوز کرنا اور مرنے والوں کی لاشوں کو مسخ کرنا ایک گھناؤنا جرم اور غیر انسانی رویہ ہے۔ جرائم اور دہشتگردی کی اس سطح کی مثال نہیں ملتی۔

تحریک نے مزید کہا کہ جو کچھ میڈیا رپورٹس میں سامنے آیا ہے وہ جرائم اور ہولوکاسٹ کا حصہ ہے جس کے بارے میں غزہ میں جان بوجھ کر میڈیا بلیک آؤٹ اور مواصلاتی رابطے منقطع کیے جا رہے ہیں۔ تحریک اسلامی جہاد نے کہا کہ یہ جرم مزاحمت کرنے والے ہمارے لوگوں کی حوصلہ شکنی نہیں کرے گا۔ اسرائیل کی یہ گھناؤنی پالیسیاں بھی مزاحمت کے جذبے کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوں سکیں گی۔

کمال عدوان ہسپتال
کمال عدوان ہسپتال

دریں اثنا حماس نے کمال عدوان ہسپتال کے "جرم" کے لیے اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمال عدوان ہسپتال کے اندر سے موصول ہونے والی رپورٹس اور عینی شاہدین اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں اسرائیلی فوج نے اندر ایک ہولناک قتل عام کیا۔

عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ منگل کو کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں 36 میں سے صرف 11 ہسپتال جزوی طور پر کام کر رہے ہیں۔ ایک ہسپتال پٹی کے شمال میں اور دس جنوب میں کام کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں