"ریاض ایئر لائنز" کے عملے کی یونیفارم کے ڈیزائنر محمد آشی کون ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کے ڈیزائنر محمد آشی کو نئی قائم کردہ فضائی کمپنی ’ریاض ایئر لائنز‘ کے لیے عملے کی یونیفارم ڈیزائن کرنے کے لیے چنا گیا ہے۔ یہ ایئرلائن آئندہ سال لانچ ہونے والی ہے۔ اس حوالے سے تیار کردہ ڈیزائن جون میں پیرس میں منعقد ہونے والے فرانسیسی Haute Couture ویک کی نمائش کے دوران سامنے آئے گا۔ توقع ہے کہ یہ روایتی بدوی خیموں اور عربی خطاطی کے منحنی خطوط سے متاثر ہوگا۔

ڈیزائنر محمد آشی نے 2006ء میں اپنے فیشن ہاؤس کی بنیاد رکھی جس کا نام آشی اسٹوڈیو رکھا گیا۔ وہ پہلے خلیجی ڈیزائنر ہیں جنہیں گذشتہ سال فرانسیسی Haute Couture فیڈریشن میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے پیرس کوچر فیشن ویک میں سرگرمیوں کے دوران اپنا پہلا اعلیٰ ترین فیشن مجموعہ پیش کیا۔

آشی 2023ء میں BOF 500 کی فہرست میں شامل ہونے والے پہلے خلیجی ڈیزائنر بھی ہیں۔ یہ فہرست عالمی سطح پر فیشن انڈسٹری کو تشکیل دینے والے نمایاں ترین لوگوں کی درجہ بندی کا اشاریہ بناتی ہے۔

ڈیزائنر محمد آشی

ایک نیا پروجیکٹ اور زبردست جوش و خروش

گذشتہ سال مارچ میں شروع کی گئی ریاض ایئرلائنز مشرق وسطیٰ کی نئی اور سعودی عرب کی دوسری قومی ایئر لائن ہے۔ ڈیزائنر محمد آشی نے ریاض ایئر لائنز کے ساتھ اپنے تعاون پرمسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ریاض کو دنیا کی اہم سیاحتی منزل بنانے میں یہ ایئرلائن مستقبل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ پرجوش انداز میں اس فیشن لائن کو شیئر کرنے کے منتظر ہیں۔ وہ جلد ریاض ایئر لائن کے عملے کو اپنا تیار کردہ ڈیزائن پیش کریں گے اور 2025 میں جب وہ اپنی پہلی پرواز میں سوار ہوں گے تو عملے کو اس کے ڈیزائن پہنے ہوئے دیکھیں گے۔

آشی اسٹوڈیو خاص مواقع اور شادی بیاہ کی پارٹیوں کے لیے اپنے موسمی فیشن ڈیزائن کے لیے جانا جاتا ہے۔ بہت سی مشہور شخصیات نے اس کے ڈیزائن زیب تن کیے۔ ان میں اردن کی ملکہ رانیہ اور ان کی بیٹی شہزادی ایمان، لیڈی گاگا، پیونسیہ، دیپیکا پاڈوکون، سونم کپور شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں