غرب اردن میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں حماس کمانڈر جاں بحق
کمانڈر محمد جبر عبدو تین دیگر مزاحمت کاروں کے ساتھ ایک کارروائی میں جان سے گئے
فلسطینی تحریک نے تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ان کا ایک کمانڈر اسرائیلی افواج کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہو گیا۔
ایک بیان میں حماس نے کہا کہ رام اللہ کے قریب ایک گاؤں میں محمد جبر عبدو تین دیگر مزاحمت کاروں کے ساتھ ایک کارروائی میں کام آئے، جہاں مغربی حمایت یافتہ فلسطینی اتھارٹی کا صدر دفتر ہے۔
اسرائیلی فوج اور پولیس کے ایک مشترکہ بیان میں بتایا کہ خفیہ یونٹ نے قریبی یہودی بستی پر حملے میں مطلوب ایک مشتبہ شخص کا پتا چلایا تھا۔
غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد ہی مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اس کے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ میں 530 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ زیادہ تر افراد پرتشدد احتجاج یا گرفتاریوں کے لیے اسرائیلی چھاپوں کے دوران ہلاک ہوئے جو اکثر بندوقوں کی لڑائی کی وجہ بنتے ہیں۔
ادھر پیر کی صبح اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک امریکی قرارداد کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی جو اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کی تجویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے زیر انتظام کام کرنے والی متعدد امدادی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو جولائی کے وسط تک شدید ترین فاقوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔