سعودی عرب کے قصیم میں قرنیہ کی اولین کامیاب پیوند کاری
طویل معائنوں کے بعد سرجری کا فیصلہ کیا گیا
بریدہ: قصیم ہیلتھ کلسٹر کی ایک میڈیکل ٹیم نے خطے میں قرنیہ کی پیوند کاری کامیابی سے مکمل کر لی جو ہیلتھ کلسٹر اور کنگ خالد آئی سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے درمیان مشترکہ تعاون کا حصہ ہے۔
ہیلتھ کلسٹر نے بتایا کہ مریضہ کو ایک سابقہ انفیکشن کے بعد بائیں آنکھ میں قرنیہ کے دھندلےپن کا سامنا تھا جس کی وجہ سے بصارت کی شدید خرابی ہو گئی۔
پیوند کاری کے لیے آنکھ کی مناسبیت کا اندازہ لگانے کی غرض سے تفصیلی معائنوں کے ایک سلسلے بشمول آنکھ کے قرنیہ کی خاص تصویر کشی کے بعد طبی ٹیم نے سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔
کلسٹر نے کہا کہ میڈیکل ٹیم نے ان معائنوں کا جائزہ لیا جو مریض کی پیوند کاری کے لیے موزوں ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا۔
یہ عمل 90 منٹ تک جاری رہا جس کے دوران ایک مکمل قرنیہ کی پیوندکاری کی گئی۔ مریضہ اب طبی نگرانی میں صحت یاب ہو رہی ہیں تاکہ بہترین نتائج کو یقینی بنایا جائے۔
یہ کامیابی کلسٹر کی اس مہم کا حصہ ہے کہ قصیم میں مریضوں کی ضروریات کے جواب میں بہترین خصوصی طبی خدمات فراہم کی جائیں۔