جاپان کے "ایکسپو 2025ء" میں سعودی عرب کا" جناح" پویلین شرکاء کی توجہ کا مرکز
جاپان ایکسپو میں "جناح پویلین" میں پانچ لاکھ افراد کی آمد، جناح کی رنگا رنگ تقریبات میں بھرپور شرکت اور پذیرائی
جاپان کے شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش "ایکسپو 2025" میں سعودی عرب کے جناح نے افتتاح کے ابتدائی 35 دنوں میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تقریباً 5 لاکھ زائرین کا خیرمقدم کیا۔
زائرین کو موقع ملا کہ وہ سعودی جناح میں پیش کی گئی مکمل ثقافتی تجربے سے آگاہی حاصل کریں، جہاں مملکت کے متنوع ورثے، تہذیب و تمدن اور فنون کو مختلف پروگرامز کے ذریعے روشناس کرایا گیا۔ ان نمایاں پروگرامز میں "اہلاً و سہلاً" اور "نحنُ السعودیة" خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔
جناح میں "عالم النباتات" کے نام سے ایک جدید حقیقت افزودہ (augmented reality) تجربہ بھی پیش کیا جا رہا ہے، جب کہ "ثقافتی اسٹوڈیوز" میں موسیقی اور فنون کے دیدہ زیب مظاہرے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایکسپو پروگرام کے تحت 700 سے زائد سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں روزانہ کی بنیاد پر روایتی فنون، ملبوسات اور پرفارمنس شوز شامل ہیں۔
جاپان میں معروف "سنہری ہفتہ" (Golden Week) کے دوران جو 29 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہا سعودی "جناح" پویلین میں غیر معمولی رش دیکھا گیا۔ صرف 4 مئی کو جناح میں 17 ہزار سے زائد زائرین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
اس موقع پر جاپان میں سعودی عرب کے سفیر اور جناح کے کمشنر جنرل ڈاکٹر غازی بن فیصل بن زقر نے کہا کہ "ایکسپو میں جاپان اور دنیا کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے اس قدر کثیر تعداد میں شرکاء کو سعودی عرب کی کہانی میں شریک دیکھنا باعثِ فخر لمحہ ہے"۔
سعودی عرب کا یہ جناح ایک انٹرایکٹو سفر پیش کرتا ہے جس میں سات مختلف ہالز اور ویژول شو شامل ہیں، جہاں زائرین مستقبل کی جدید شہری زندگی، پائیدار سمندری وسائل، انسانی صلاحیتوں کی وسعت اور جدت کی بلندیوں جیسے موضوعات کو براہِ راست محسوس کر سکتے ہیں۔ یہ تمام تجربات سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کو قریب سے دیکھنے کا نادر موقع فراہم کرتے ہیں۔