خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی بات چیت کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے نتائج دوطرفہ تعلقات کو ایک نئے تاریخی مقام تک لے گئے ہیں، جس سے کئی اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا ہے اور سعودی و امریکی معیشت کے درمیان انضمام کو تقویت ملی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سعودی عرب آمد پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
#فيديو_واس | #خادم_الحرمين_الشريفين يرأس جلسة #مجلس_الوزراء في جدة.https://t.co/sHJykWuXtE#واس pic.twitter.com/6OxGdaXnap
— واس الأخبار الملكية (@spagov) May 20, 2025
سعودی – امریکی اقتصادی شراکت داری
اسی دوران شاہ سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں امریکی صدر کے دورۂ سعودی عرب کے دوران منعقدہ سعودی – امریکی سربراہی اجلاس میں دستخط کی گئی اسٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر دونوں حکومتوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔
سعودی – امریکی سرمایہ کاری فورم میں شریک ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ٹرمپ کے مابین ہونے والی ملاقات میں آئندہ چار برس کے دوران سعودی عرب کی جانب سے 600 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا عزم ظاہر کیا گیا، جن میں سے 300 ارب ڈالر سے زیادہ کی باہمی تجارتی و سرمایہ کاری معاہدات کا اعلان بھی شامل تھا۔
خلیجی – امریکی سربراہی اجلاس: ہم آہنگی کی نئی جہتیں
کابینہ نے خلیجی – امریکی سربراہی اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خطاب کو بھی سراہا جس میں انہوں نے خطے میں امن، ترقی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی تنازعات کے پُرامن حل پر سعودی عرب کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی کوششیں
کابینہ نے شام پر عائد پابندیاں ختم کرانے کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امریکی صدر کی جانب سے ان اقدامات کو قبول کیے جانے پر اظہارِ تشکر کیا۔ کابینہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام شام کی تعمیرِ نو اور ترقی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
غزہ میں جنگ بندی کی حمایت
کابینہ نے عرب لیگ کی سربراہی کانفرنس میں سعودی عرب کی اس مؤقف کی توثیق کی جس میں غزہ میں جنگ بندی کے مستقل قیام اور فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق پائیدار حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر زبردستی کی نقل مکانی یا غیر منصفانہ حل کو سختی سے مسترد کیا گیا۔
انسانی امداد کے شعبے میں خدمات کا اعتراف
کابینہ نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے قیام کو دس برس مکمل ہونے پر مرکز اور اس کے عملے کی خدمات کو سراہا، جس نے اللہ کے فضل سے دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں لاکھوں ضرورتمندوں تک امداد پہنچائی۔
قومی صنعتی حکمتِ عملی کی کامیابیاں
مقامی شعبوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کابینہ نے قومی صنعتی حکمتِ عملی کے تحت عالمی شہرت یافتہ تین آٹو موٹیو کمپنیوں کی سعودی عرب میں سرمایہ کاری پر خوشی کا اظہار کیا۔ یہ پیش رفت ملک کی اقتصادی تنوع اور عالمی مسابقتی صلاحیت کو مزید فروغ دے گی۔
آئسف 2025 میں سعودی طلبہ کی شاندار کارکردگی
شاہ سلمان کی سربراہی میں کابینہ نے بین الاقوامی سائنسی و انجینیئرنگ نمائش (آئسف 2025ء) میں سعودی طلبہ کی شاندار کامیابیوں کو سراہا۔ اس کامیابی کو سعودی حکومت کی تعلیم پر خصوصی توجہ اور نوجوان نسل کی سائنسی و تخلیقی تربیت کا نتیجہ قرار دیا گیا۔
سعودی – جاپانی شراکت داری
کابینہ نے سعودی عرب اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان ایک اسٹریٹیجک شراکت داری کونسل کے قیام پر مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی۔ اسی طرح وزارتِ دفاع میں طبی خدمات کے لیے ایک نگران ادارہ بھی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
تابکار مواد کی روک تھام
کابینہ نے سکریپ مراکز پر تابکار مادوں یا ان سے آلودہ دھاتوں کی رسائی کو روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کے لیے ضوابط منظور کیے، تاکہ شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔