سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ ممد بن سلمان سے ایران کے اعلیٰ مشیر سلامتی علی اکبر لاری جانی نے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ولی عہد کی قطر سے واپسی کے بعد منگل کے روز ہوئی۔ جسے سعودی خبر رساں ادارے 'ایس پی اے' نے رپورٹ کیا ہے۔
قطر میں ولی عہد اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی بھی باہمی ملاقات ہوئی تھی۔ جس میں خطے کی صورتحال اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
علی اکبر لاری جانی ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ہیں۔ انہوں نے خطے کی نازک صورتحال کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ایرانی خبر رساں ادارے 'ارنا' کے مطابق اس ملاقات کے دوران خطے کے مستقبل اور دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ولی عہد سے ملاقات کے بعد ایرانی سلامتی کے مشیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ریاض میں ملاقات کی۔
ملکی سلامتی سے متعلق دونوں عہدیداروں نے علاقائی سطح پر ہونے والے تازہ واقعات کی روشنی میں تبادلہ خیال کیا۔
'ارنا ' کے بقول اس موقع پر دو طرفہ دفاعی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
یاد رہے ماہ اپریل میں سعودی وزیر دفاع کی ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات ہو چکی ہے۔ یہ ملاقات وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ایران میں کی تھی اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا جو انہیں سنہ 2006 سے کسی سعودی فرمانروا کی طرف سے ملنے والا پہلا پیغام تھا۔