سعودی عرب: رہائش، مزدوری، سرحدی سکیورٹی کے 18,600 سے زیادہ جرائم ریکارڈ
مملکت میں غیر قانونی داخلے کے مجرمان میں 99 فیصد یمنی اور ایتھوپیائی شامل
سعودی عرب کے طول و عرض میں 25 ستمبر سے یکم اکتوبر کے درمیان قانونی اداروں کی معائنہ مہمات میں وزارتِ داخلہ نے 18,673 جرائم ریکارڈ کیے جن میں 10,673 غیر ملکیوں کی رہائش، 3,822 بارڈر سکیورٹی اور 4,178 مزدور قوانین سے متعلق تھے۔
حکام نے 1,479 افراد کو گرفتار کیا جنہوں نے غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ان میں سے 59 فیصد یمنی، 40 فیصد ایتھوپیائی اور ایک فیصد دیگر ممالک سے تھے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر مملکت چھوڑنے کی کوشش کرنے پر بھی 52 افراد کو گرفتار کیا۔
اس کے علاوہ 17 افراد کو گرفتار کیا گیا جو مجرموں کو سفری سہولیات، پناہ اور ملازمت دینے میں مدد کرنے میں ملوث تھے۔
دریں اثناء 25,478 افراد کو ضوابط کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا اور انہیں مناسب سفری دستاویزات حاصل کرنے کے لیے اپنے ممالک کے سفارت خانوں یا قونصل خانوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ 2,139 کو سفری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی اور 11,544 کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔