شاہی فرمان کے تحت پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ اعزاز
دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف پر تمغہ عطا کیا گیا
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شاہی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو و تمغہ شاہ عبدالعزیز درجہ اول سے نوازا۔
یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے ،تعاون کو فروغ دینے اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے میں فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی نمایاں اور مؤثر کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
اسی موقع پر سعودی وزیر دفاع نے پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات بھی کی ۔ یہ ملاقات پاکستان کی مسلح افواج کا سربراہ مقرر ہونے پر منعقد ہوئی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا جبکہ دفاعی شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ عالمی امن اور سلامتی کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔