انجیر کی عالمی پیداوار پر پانچ عرب ممالک کی حکمرانی
ترکیہ سب سے آگے ہے اور فہرست میں مصر اس کا تعاقب کر رہا ہے
دنیا میں "انجیر" کی پیداوار کے حوالے سے عرب ممالک کی حکمرانی برقرار ہے۔ "ورلڈ پاپولیشن ریویو" کے اعداد و شمار کے مطابق 13 لاکھ ٹن کی مجموعی عالمی پیداوار میں ترکیہ تقریباً 27 فی صد حصے کے ساتھ فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔
"العربیہ بزنس" نے مذکورہ ریویو کا جائزہ لیا ہے۔
انجیر کی کاشت کے لیے گرم اور خشک آب و ہوا موزوں ترین ہوتی ہے، اسی لیے بحیرہ روم کے خطے اور امریکہ میں جنوبی کیلیفورنیا کے علاقے اس کی نشوونما کے لیے مثالی حالات فراہم کرتے ہیں۔ اگرچہ انجیر کا اصل وطن مغربی ایشیا کو مانا جاتا ہے، لیکن انسانی ہجرت کے باعث یہ پوری دنیا میں پھیل گئی۔ قدیم یونانی داستانوں سے لے کر الہامی کتب تک، اس پھل کو ہزاروں سال سے قدر و منزلت حاصل ہے۔
ذیل میں انجیر پیدا کرنے والے دنیا کے 10 بڑے ممالک کی تفصیل دی جا رہی ہے :
ترکیہ : انجیر کی عالمی سلطنت (356 ہزار ٹن)
ترکیہ بلا مقابلہ عالمی پیداوار کے عرش پر براجمان ہے، جہاں سالانہ 356 ہزار ٹن سے زائد پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔ یہ برتری بحیرہ ایجیئن کے گرم موسم اور مضبوط سپلائی چینز کی بدولت ہے، جنہوں نے یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کو برآمدات میں اس کی موجودگی کو مستحکم کیا ہے۔
مغربی علاقے مثلاً "آئدن" دنیا کی مشہور ترین اقسامِ انجیر کا مرکز سمجھے جاتے ہیں، جن میں معروف ترک قسم "سمیرنا" سرفہرست ہے۔
مصر : تیزی سے بلندی کی جانب پیش رفت (193 ہزار ٹن)
مصر تقریباً 193 ہزار ٹن پیداوار کے ساتھ عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔ شمالی ساحل، سینا اور ڈیلٹا کے علاقوں میں انجیر کی وسیع کاشت اس کی بنیاد ہے۔
گذشتہ برسوں میں تازہ انجیر کی مقامی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ عرب ممالک کو برآمدات میں بھی نمایاں توسیع دیکھنے میں آئی ہے۔
مراکش : زرعی تنوع سے انجیر کی طاقت میں اضافہ (119 ہزار ٹن)
مراکش نے انجیر کو اپنی اسٹریٹجک فصلوں میں شامل کیا ہے، خصوصاً شمالی علاقوں جیسے "شفشاون" اور "تاونات" میں، جس کے نتیجے میں سالانہ پیداوار 119 ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح خشک انجیر کی تیاری میں بھی وسعت آ رہی ہے، جو ملک کو برآمدی سلسلے میں اضافی قدر فراہم کرتی ہے۔
الجزائر : پہاڑوں سے ساحل تک پھیلی زرعی روایت (116 ہزار ٹن)
الجزائر116 ہزار ٹن پیداوار کے ساتھ اپنے متنوع جغرافیے سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ خاص طور پر القبائل کے علاقے میں انجیر کی کاشت عام ہے۔
پیداوار کا بڑا حصہ اب بھی مقامی استعمال کے لیے مختص ہے، اگرچہ بیرونی منڈیوں میں دل چسپی بڑھ رہی ہے۔
ایران : ہزاروں سال پر محیط ورثہ (73.5 ہزار ٹن)
تاریخی طور پر انجیر ایرانی زرعی ورثے کا حصہ رہی ہے۔ تقریباً 73.5 ہزار ٹن پیداوار کے ساتھ ایران اب بھی اعلیٰ معیار اور زیادہ شکر کی مقدار والی اقسام کی بدولت خشک انجیر کے اہم برآمد کنندگان میں شامل ہے۔
افغانستان : چیلنجوں کے باوجود مضبوط پیداوار (60.7 ہزار ٹن)
افغانستان میں 60.7 ہزار ٹن تک پیداوار ریکارڈ کی جاتی ہے، جہاں نیم خشک گرم علاقوں میں انجیر مشہور ہے۔
معاشی چیلنجوں کے باوجود افغان انجیر کی وسطی ایشیا کی منڈیوں میں موجودگی بڑھ رہی ہے۔
شام : حالات کے باوجود پیداوار کا تسلسل (40.8 ہزار ٹن)
شام 40.8 ہزار ٹن مجموعی پیداوار کے ساتھ بڑے پیدا کنندگان میں اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ادلب اور لاذقیہ کے نواحی علاقوں میں صدیوں سے انجیر کی کاشت جاری ہے۔
اسپین : یورپ کا مضبوط کھلاڑی (39.6 ہزار ٹن)
اسپین 39.6 ہزار ٹن پیداوار کے ساتھ خود کو یورپ کا اہم ترین انجیر پیدا کرنے والا ملک پیش کرتا ہے۔ "ایکسٹریمادورا" اور "اندلس" کے علاقوں کا موسم اس میں معاون ہے۔
سعودی عرب : نئے علاقوں میں زرعی توسیع (28.7 ہزار ٹن)
سعودی عرب نے 28.7 ہزار ٹن تک پیداوار پہنچا کر نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں جدید زرعی منصوبوں اور طائف و القصیم میں فارموں کی توسیع کا کردار ہے۔
امریکہ : کیلیفورنیا کی انجیر نمایاں (27.7 ہزار ٹن)
امریکہ 27.7 ہزار ٹن پیداوار کے ساتھ سرفہرست دس ممالک کی فہرست مکمل کرتا ہے۔ اس کا زیادہ تر حصہ ریاست کیلیفورنیا سے آتا ہے، جو بحیرۂ روم سے باہر انجیر کی کاشت کے لیے موزوں ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے۔