عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے فضائی حملوں کے بعد ایران میں برسنے والی سیاہ بارش سانس کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ ادارے نے ایرانی حکام کی جانب سے عوام کو گھروں میں رہنے کے مشورے کی بھی حمایت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے صحت کے اس ادارے نے، جس کا ایران میں دفتر موجود ہے اور جو ہنگامی طبی حالات میں حکام کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے، بتایا کہ اسے رواں ہفتے تیل کی آمیزش والی بارش کے گرنے سے متعلق متعدد رپورٹیں موصول ہوئی ہیں۔
گذشتہ پیر کو امریکی اور اسرائیلی مہم کے حصے کے طور پر ایران کی مقامی توانائی کی فراہمی پر حملوں میں شدت لاتے ہوئے ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں نے تہران کے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسٹیان لنڈ مائیر نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سیاہ بارش اور اس کے ساتھ ہونے والی تیزابی بارش درحقیقت آبادی، بالخصوص نظامِ تنفس کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عالمی ادارہ صحت اس مشورے کی تائید کرتا ہے، تو انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کچھ داؤ پر لگا ہے، یعنی تیل کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ریفائنریز جنہیں نشانہ بنایا گیا اور جس کے نتیجے میں لگنے والی آگ نے ہوا کے معیار کے بارے میں سنگین خدشات پیدا کیے ہیں، اس صورتحال میں یہ یقیناً ایک اچھا مشورہ ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ایک ملازم کی جانب سے رائیٹرز کو بھیجی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک صفائی کرنے والا کارکن 8 مارچ کو تہران میں ادارے کے دفتر کے داخلی راستے سے سیاہ مائع صاف کر رہا ہے۔ تاہم رایئٹرز ابھی تک آزادانہ طور پر اس کلپ کی صداقت کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔
ہوا کا معیار اور حفاظتی تدابیر
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سیاہ بارش کا واقعہ خطے میں داخل ہونے والے ایک موسمی پیٹرن کا نتیجہ ہے، جس کے باعث برسنے والی بارش ہوا میں موجود زہریلے ذرات کے ساتھ مل گئی ہے۔
یونیورسٹی آف ریڈنگ کے ایک محقق اکشے دیوراس نے کہا کہ اس بارش نے لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زہریلی ہوا میں طویل عرصے تک رہنا صحت کے لیے زیادہ بڑا خطرہ ہو سکتا ہے، اور شہری گھروں میں رہ کر یا باہر نکلتے وقت ماسک پہن کر اور جسم کو ڈھانپ کر خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خطے میں ہوا کے معیار کے بارے میں ڈیٹا دستیاب نہیں ہے، تاہم موسمی پیش گوئی بتاتی ہے کہ پورا ہفتہ موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ہوا کے معیار میں بہتری متوقع ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آلودہ ہوا سے متاثر ہونے کا خطرہ اس شرط کے ساتھ کم ہو جائے گا کہ نئے حملے نہ ہوں، لیکن اگر نئے حملے ہوئے تو یہ ایک بڑا مسئلہ بن جائے گا۔