سعودی عرب نے کھجوروں اور نخلستان کے شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کرلی ۔ 2025 کے دوران کھجوروں کی برآمدات کی مالیت میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا جو تقریباً 1.938 بلین ریال تک پہنچ گئی۔ یہ شرح 2024 کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ ہے۔ 2021 سے اب تک مجموعی اضافہ 59.5 فیصد رہا جو اس شعبے کی ترقی اور عالمی منڈیوں میں اس کی مضبوط موجودگی کی عکاسی کر رہا ہے۔
یہ شاندار کارکردگی سعودی کھجوروں کے معیار میں بہتری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ سپلائی چین کی ترقی اور برآمدی استعداد بڑھانے کی کوششوں کی کامیابی کی تصدیق بھی کر رہی ہے۔ یہ عمل مجموعی ملکی پیداوار میں زرعی شعبے کے حصے کو سہارا دیتا ہے ۔ یہ کارکردگی کھجور کے ایک اعلیٰ اقتصادی قدر والی قومی مصنوعات میں شامل ہونے کا بھی بتا رہی ہے۔
ادارہ جاتی تعاون
وزیر ماحولیات، پانی و زراعت اور نیشنل سنٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے چیئرمین انجینئر عبدالرحمن الفضلی نے واضح کیا کہ یہ کامیابی قیادت کی سرپرستی اور سرکاری اداروں و نجی شعبے کے درمیان باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ اس ادارہ جاتی تعاون نے سعودی کھجوروں کی پیداوار اور مارکیٹنگ کے نظام کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی کھجوروں کی برآمدات کو بااختیار بنانے اور عالمی منڈیوں میں رسائی کے اقدام نے اس ترقی کے حصول میں ایک بنیادی ستون کا کام کیا ہے۔ اس سے برآمدات کے دائرہ کار کو وسعت ملی اور بین الاقوامی منڈیوں میں سعودی مصنوعات کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔
125 سے زیادہ ملکوں تک رسائی
سعودی کھجوریں عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو مسلسل مضبوط کر رہی ہیں۔ یہ اپنی متنوع اقسام اور مسابقتی معیار کی بدولت 125 سے زیادہ ملکوں کو برآمد کی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے عالمی سطح پر مختلف ذوق رکھنے والے صارفین کی جانب سے سعودی کھجوروں کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب میں کھجوروں کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ 2025 کے دوران پیداوار کا حجم 1.9 ملین ٹن سے تجاوز کر گیا ہے۔ مملکت میں 37 ملین سے زیادہ کھجور کے درخت موجود ہیں۔ یہ صورت حال اس شعبے کی طاقت اور عالمی طلب کو پورا کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ کھجور کی پیداوار اور برآمد میں سعودی عرب کی قائدانہ حیثیت کا بھی بتا رہی ہے۔
سعودی ’’ ویژن 2030 ‘‘ میں معاون
کھجوروں کی برآمدات کی یہ نمو سعودی ’’ ویژن 2030 ‘‘ کے اہداف کے فریم ورک کے تحت ہے۔ یہ ویژن قومی معیشت میں تنوع لانے اور زرعی شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ سعودی مصنوعات کی مسابقت کو بڑھایا جا سکے اور عالمی منڈیوں میں ان کے مقام کو مستحکم کیا جا سکے۔