انروا کے پروگراموں میں تعاون ... سعودی عرب نے 20 لاکھ ڈالر کی رقم پیش کر دی
اردن میں سعودی سفیر کے مطابق تنظیم کی مالی معاونت اسے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے قابل بناتی ہے
سعودی عرب نے آج اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (انروا) کو 20 لاکھ ڈالر کا چیک پیش کیا ہے، جو خطے میں ایجنسی کے بجٹ، پروگراموں اور آپریشنز کی معاونت کے لیے سعودی عرب کا سالانہ تعاون ہے۔
اردن میں خادم حرمین شریفین کے سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے آج انروا کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز کو یہ رقم پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی ہدایات کے مطابق ممملکت مسئلہ فلسطین کی حمایت، برادر فلسطینی عوام کی مدد اور انروا کے بجٹ کی معاونت کا پختہ عزم رکھتی ہے تاکہ ایجنسی فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی سماجی، انسانی، تعلیمی اور طبی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کر سکے۔
خاص طور پر ان مشکل اور کٹھن حالات میں جن کا انہیں سامنا ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو انسانی خدمات کی فراہمی اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے انروا کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔
دوسری جانب ایجنسی کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز نے فلسطینی پناہ گزینوں کی خدمت اور امداد کے لیے انروا کو اپنے مختلف پروگراموں پر عمل درآمد کے قابل بنانے میں سعودی عرب کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کی تعریف کی۔