لبنان کے صدر جوزف عون نے جمعہ کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ لبنان کی ہر طرح سے حمایت کرتے ہیں۔
جوزف عون کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورت حال پر بالعموم اور لبنان کو درپیش حالات پر بطور خاص تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس موقع پر لبنان کے صدر نے سعودی ولی عہد سے مطالبہ کیا کہ لبنانی مصنوعات پر سعودی عرب میں لگائی گئی پابندی کو واپس لیا جائے ، نیز کہا بیروت مصنوعات کی تیاری اور برآمد کے سلسلے میں نظر آنے والی مانیٹرنگ کا اہتمام کر رہا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب نے حالیہ برسوں کے دوران ہی لبنان اور شام کے خلاف بعض پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان پابندیوں کی وجہ ان ملکوں سے خلیجی ملکوں کو منشیات کی سمگلنگ میں غیر معمولی اضافہ بنا تھا۔ سعودی عرب کو منشیات کی سمگلنگ کا خصوصی ہدف بنایا جارہا تھا۔
لبنانی صدارتی دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی ولی عہد نے اس موقع پر وعدہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں جلد فرمان جاری کریں گے تاکہ لبنان کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مملکت کی طرف سے لبنان کے لیے سعودی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا مملکت لبنان کی خود مختاری، آزادی اور اس کی سرزمین کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر سعودی شہزادے نے لبنان کے لوگوں کی جاری جنگ سے بڑھی ہوئی مشکلات پر تشویش ظاہر کی اور کہا ہم لبنانی عوام کے ساتھ ہیں۔