سعودی عرب کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مرکز کے پانچ بنیادی اہداف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی کابینہ نے وزارتِ ثقافت کی تنظیمی اکائی ''کلچرل آرکائیو'' کو ایک غیر مستقل مرکز میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا نیا نام سعودی ثقافتی یادداشت مرکز رکھا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس کے تنظیمی قواعد و ضوابط کے مطابق کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیرِ ثقافت امیر بدر بن فرحان نے خادم الحرمین الشریفین بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیرِ اعظم امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مملکت کی جانب سے ثقافتی شعبے کو ملنے والی مسلسل اور غیر معمولی حمایت کا مظہر ہے۔

وزیرِ ثقافت نے قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ سعودی عرب کے ثقافتی ریکارڈ اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے عمل کو مزید مضبوط بنائے گا۔

سعودی وزیرِ ثقافت امیر بدر بن فرحان کے مطابق یہ مرکز پانچ بنیادی عناصر پر توجہ مرکوز کرے گا، جن میں سب سے نمایاں شعبہ ریکارڈنگ اور دستاویز بندی کے نظام کی تنظیم ہے۔

اس کے علاوہ ڈیجیٹل آرکائیونگ پر توجہ، صلاحیتوں کی تعمیر، محفوظ اور مسلسل ڈیجیٹل رسائی کو یقینی بنانا اور مرکز کی خدمات کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کرنا شامل ہے، تاکہ مملکت کے ثقافتی ورثے کو طویل مدت تک بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

وزیرِ ثقافت نے کہا کہ یہ اقدام سعودی ثقافتی یادداشت مرکز کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو اسے قومی سطح پر ثقافتی ورثے کے لیے ایک مرکزی حوالہ ادارہ بنائے گا۔

ان کے مطابق یہ مرکز دستاویز بندی، ریکارڈنگ اور ڈیجیٹل آرکائیونگ کے شعبے کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی پالیسیوں اور معیارات کو بھی ترقی دے گا اور متعلقہ اداروں کو ایک متحد فریم ورک کے تحت ثقافتی یادداشت کو محفوظ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

یہ سب اقدامات سعودی وژن 2030 کے تحت ثقافت اور فنون کے فروغ سے ہم آہنگ ہیں۔یہ مرکز وزارتِ ثقافت کے تحت ثقافتی مواد کی دستاویز بندی، ریکارڈنگ اور ڈیجیٹل آرکائیونگ کی نگرانی کرے گا اور قومی سطح پر ایک متحد ثقافتی یادداشت پلیٹ فارم کو بھی چلائے گا۔

اس کے علاوہ یہ ڈیجیٹل تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، دستاویزی شعبے میں قومی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور معاشرے میں ثقافتی ورثے کی اہمیت سے متعلق آگاہی بڑھانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔

مزید برآں یہ مرکز ثقافتی ڈیٹا کو ایک قومی فریم ورک کے تحت جمع کرے گا، یکساں معیارات وضع کرے گا اور ماہرین کو مستند تاریخی معلومات تک رسائی فراہم کرے گا۔

یہ اقدام وزارتِ ثقافت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ثقافتی شعبے کی ترقی، ورثے کا تحفظ، جدید قومی ماڈلز کی تیاری، ثقافتی مواد کی متنوع انداز میں پیشکش اور معاشرتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ یہ تمام اقدامات سعودی وژن 2030 کے تحت قومی ثقافتی حکمتِ عملی کو آگے بڑھانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں