مشرق وسطیٰ

مذاکرات میں توسیع کے ساتھ ساتھ... اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

مذاکرات میں ایک دن کی توسیع کے ساتھ ، اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان اعلان کردہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج نے آج جمعہ کی صبح جنوبی لبنان کے قصبے النبطیہ الفوقا پر دو فضائی حملے کیے۔ اس کے علاوہ دوپہر کے وقت المنصوری قصبے پر پرچے گرائے جن میں رہائشیوں سے انخلاء کا مطالبہ کیا گیا، یہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے انخلاء کا پہلا انتباہ ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج صبح دو مرحلوں میں جنوبی لبنان میں النبطیہ الفوقا کے اطراف کو نشانہ بنایا، جیسا کہ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے المرکبا میں گھروں کو گرانے اور جلانے کی کارروائیاں بھی کیں۔ جنوبی لبنان کے قصبے المنصوری میں جنگ کی باقیات سے ایک مشکوک شے دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ یہ اطلاع لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دی۔

اسرائیل نے اعلان کیا کہ اس نے گذشتہ روز سے اب تک حزب اللہ کے 10 ارکان کو ہلاک کیا ہے اور مارچ سے اب تک حزب اللہ کے ہلاک ارکان کی تعداد 3200 ہو چکی ہے۔

اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق گذشتہ روز جمعرات کو جنوبی لبنان میں ایک مسلح شخص کے ساتھ جھڑپ میں اس کے چار فوجی زخمی ہو گئے جن میں دو افسر بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے وضاحت کی کہ اس واقعے میں ایک افسر درمیانے درجے کے زخموں کے ساتھ زخمی ہوا جبکہ ایک اور افسر اور دو فوجی معمولی زخمی ہوئے۔ یہ بات ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے اپنی ویب سائٹ پر بتائی۔

رپورٹ کے مطابق انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی۔

سیاسی سطح پر،امریکی محکمہ خارجہ نے اشارہ کیا کہ لبنانی اور اسرائیلی وفود آج جمعہ کو واشنگٹن میں سکیورٹی مفاہمت کی یاد داشت پر مذاکرات جاری رکھیں گے۔ یہ بات ایک ذریعے نے الشرق الاوسط اخبار کو بتائی۔

ذریعے نے کہا کہ امریکہ کے زیر نگرانی اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات جن کا اختتام جمعرات 25 جون کو ہونا تھا، ایک اور دن جاری رہیں گے۔ پانچواں دور جمعے کی صبح (مقامی وقت کے مطابق) دوبارہ شروع ہو گا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکہ جنوبی لبنان میں تنازع کے حل میں پیش رفت کو آسان بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل 2 مارچ سے لبنان پر جنگ مسلط کیے ہوئے ہے۔ یہ جنگ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر راکٹ فائر کیے جانے کے بعد شروع ہوئی۔ اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں پر قبضہ کر لیا تھا۔

رواں سال16 اپریل کو لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے پہلے اعلان اور اس میں کئی بار توسیع کے بعد بھی اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جنوبی لبنان اور مشرقی لبنان کے وادی بقاع کے وسیع علاقوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔

لبنان کی سرکاری رپورٹوں کے مطابق مارچ سے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4106 افراد ہلاک اور 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں