سعودی عرب میں ٹریفک جام روکنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور
خود کار گاڑیوں کے تجربات اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کا مشورہ
سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بڑے شہروں میں ٹریفک جام اور نقل و حرکت کی پیشگوئی کے لیے بگ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے پر توجہ دے۔
مجلس شوریٰ نے اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ خود کار گاڑیوں کے تجربات اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کو فروغ دے اور جدید ڈیجیٹل سمولیشن تکنیکوں کے ذریعے ان کی حفاظت کی تصدیق کرے تاکہ ان کے محفوظ آپریشنل دائرہ کار میں توسیع کی جا سکے۔
اسی تناظر میں مجلس نے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ خود کار گاڑیوں کے ٹیسٹ اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کے معیارات کو مضبوط کرے تاکہ جدید ڈیجیٹل نقالی کے ذریعے ان کے محفوظ استعمال میں مدد مل سکے۔
مجلس نے اپنے فیصلے میں جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے سنہ 1443ھ کے اپنے سابقہ فیصلے کا اعادہ کیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ اتھارٹی نقل و حمل کے ذرائع سے خارج ہونے والے زہریلے مادوں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے کے لیے واضح اہداف کا تعین کرے، اور نجی شعبے کو سڑکوں پر الیکٹرک کاروں اور ٹرکوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے مراعات فراہم کرے۔
اسی فیصلے میں مجلس نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کلیدی کارکردگی کے اشاریوں اور اقدامات پر نظر ثانی کرے، انہیں تزویراتی اہداف سے جوڑے، اور سروس کے معیار اور ٹرانسپورٹ کے نظام پر پڑنے والے اثرات کی پیمائش کرنے والے اشاریوں کو بہتر بنائے۔