سعودی خبر رساں ادارے ' ایس پی اے ' نے رپورٹ کیا ہے کہ ریاض کے سیکیورٹی فورسز ہسپتال نے پہلی بار کامیابی سے کڈنی ٹرانسپلانٹیشن کا آپریشن مکمل کیا ہے، یہ سرجری ایک 32 سالہ شہری کی تھی۔ جس کے کڈنی فیل ہو گئے تھے۔ مریض کو کڈنی اس کی 35 سالہ بڑی ہمشیرہ نے عطیہ کیا تھا۔
کڈنی ٹرانسپلانٹیشن کے سلسلے میں یہ سرجری ایک کثیر جہتی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کڈنی عطیہ کرنے والی ہمشیرہ اور ان کا بھائی دونوں کی حالت مستحکم ہے۔ وزارت داخلہ نے اس کامیاب سرجری کے بعد کہا ہے کہ خصوصی مہارت کے طبی شعبوں میں بھی انتہائی معیاری طبی سہولیات کی دستیابی قابل تعریف ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں جوں جوں نئی نئی بیماریوں کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے ان بیماریوں کے علاج معالجے کی سہولیات اور معیاری طبی ماحول کی فراہمی بھی مملکت میں تیزی سے ممکن بنائی گئی ہے۔