.

شمالی وزیرستان میں افغان علاقے سے گولہ باری،2 افراد جاں بحق

پاکستان کے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے کے سرحدی گاؤں پر مارٹرحملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان سے پاکستان کے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان کے ایک گاؤں پرمارٹروں سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بنگی ڈار پر چھے مارٹر گولے فائر کیے ہیں۔ان میں سے ایک مارٹر ایک مکان پر گرا ہے جس سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کی سکیورٹی فورسز کے درمیان سرحدی علاقوں میں آئے دن فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔تاہم افغان فورسز نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے سرحدی علاقوں پر بلا اشتعال گولہ باری کی ہے۔ دوروزقبل بھی افغانستان سے فائر کیا گیا ایک گولہ شمالی وزیرستان کے ایک رہائشی علاقے میں گرا تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

گذشتہ ہفتے افغانستان کی سرحدی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی تھی اور فائرنگ کرکے چھے افراد کو ہلاک اور بیس کو زخمی کردیا تھا۔