.

پاکستان:شاہین سوم بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان نے زمین سے زمین میں مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین سوم کا سوموار کو کامیاب تجربہ کیا ہے۔یہ میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 2750 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بیلسٹک میزائل کے اس تجربے کا مقصد اس کے مختلف ڈیزائن اور فنی پیرامیٹرز کی زیادہ سے زیادہ فاصلے تک جانچ کرنا تھا۔

گذشتہ سال پاکستان نے شاہین اوّل اور شاہین دوم میزائلوں کے کامیاب تجربات کیے تھے۔شاہین دوم میزائل ڈیڑھ ہزار کلومیٹر تک جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔شاہین سوم میزائل کے تجربے کے وقت اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینیر عہدے دار ،تزویراتی اداروں سے وابستہ فورسز ،سائنس دان اور انجنئیرز بھی موجود تھے۔یہ تجربہ کسی نامعلوم مقام سے کیا گیا ہے اور اس کا ہدف بحیرۂ عرب میں تھا۔

صدر پاکستان ممنون حسین ،وزیراعظم میاں نواز شریف اور اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل ،لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے شاہین سوم کے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجنئیروں کو مبارک باد دی ہے اور اس کو پاکستان کی سد جارحیت کی صلاحیت میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کے ایک تھنک ٹینک کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتے ہوئے جوہری پروگرام کا حامل ہے اور وہ سنہ 2020ء تک دو سو تک جوہری ڈیوائسز اور ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔