پاک سعودی مشق، فائرنگ سے ایک جاں بحق ،تین زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران براہ راست فائرنگ کے مظاہرے کے موقع پر ایک فوجی جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بدھ کو اس فوجی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کا دونوں میں سے کس ملک سے تعلق ہے۔

ایس پی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنوب مغربی علاقے بھا میں جاری سعودی عرب اور پاکستان کی مشترکہ فوجی مشق الصمام 5 میں براہ راست فائرنگ کے مظاہرے کے دوران ایک نان کمیشنڈ آفیسر جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ہیں''۔

دونوں ملکوں کی مسلح افواج 19 مارچ سے القطیف اور طائف کے علاقوں میں فوجی مشق میں شریک ہیں۔فائرنگ کا مذکورہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پاکستان کی پارلیمان میں سعودی عرب کی قیادت میں یمن کے حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف فوجی مہم میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے بحث جاری ہے۔

سعودی عرب نے اپنے دیرینہ اتحادی پاکستان سے فوجی مہم کے لیے لڑاکا طیارے،بحری جہاز اور زمینی دستے مہیا کرنے کے لیے کہا ہے لیکن ابھی تک پاکستان نے اس مطالبے کو تسلیم کرنے سے گریز کیا ہے اور اس کی حزب اختلاف کی جماعتیں خاص طور پر سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون کی مخالفت کررہی ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد 26 مارچ سے یمن میں حوثیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف فضائی حملے کررہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں