اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں 7.1 کی شدت کا زلزلہ
پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا، بڑے صوبہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کی سہ پہر شدید زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور کم سے کم تیس زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ریختر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.1 تھی اور ملک کے بعض علاقوں میں اس کے تین منٹ تک جھٹکے محسوس کیے گئے۔اسلام آباد اور افغان دارالحکومت کابل میں زلزلے کا دورانیہ چند سیکنڈ تک رہا جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ عمارتوں اور مکانوں سے باہر آگئے۔
شمال مغربی وادی سوات اور چلاس میں مٹی کے تودے اور مکان کی چھت گرنے سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ستائیس افراد کو لایا گیا ہے۔اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر خالد مسعود نے بتایا ہے کہ بیشتر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے اور باقی کی حالت بہتر ہے۔
پاکستان کے شہروں لاہور ،اسلام آباد کے جڑواں شہر راول پنڈی،پشاور ،سوات ،چترال ،مردان ،کوہاٹ،ہنگو ،شانگلہ اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔اس کے فوراً اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شہر کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔تاہم اسلام آباد سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔نئی دہلی میں حفظ ماتقدم کے طور پر میٹرو ٹرین کو بند کردیا گیا ہے۔چین اور روس کے جنوبی حصوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق پاکستان میں اتوار کی سہ پہر قریباً ساڑھے تین بجےآنے والے زلزلے کی شدت چھے اعشاریہ چھے تھی۔اس کا مرکز افغانستان میں تاجکستان کی سرحد کے نزدیک واقع علاقہ اشک آشام بتایا گیا ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا اور اس کی گہرائی 236 کلو میٹر تھی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف کا کہنا ہے کہ آیندہ چند دنوں کے دوران وقفے وقفے سے اس شدید زلزلے کے آفٹر شاکس آنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل جنوری میں بھی پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔اکتوبر 2015 میں بھی انہی علاقوں میں 7.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے مکانوں کی چھتیں گرنے اور عمارتیں منہدم ہونے سے کم سو کم تین سو افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔