23 مارچ: دبئی کے برج الخلیفہ پر پاکستانی پرچم کے جگمگاتے رنگ
یومِ پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں آج جمعرات کی شب دنیا کی سب سے بلند وبالا عمارت دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستان کے قومی پرچم کے سبز اور سفید رنگوں کو برقی قمقموں سے روشن کردیا گیا ہے۔
اس اسکائی کریپر کی انتظامیہ نے اس سے پہلے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی تھی کہ’’ آج رات ہم پاکستان کا ستترواں یوم جمہوریہ منا رہے ہیں۔ پاکستان کے قومی پرچم کو مقامی وقت کے مطابق سوا سات بجے شام ایل ای ڈی کے ذریعے روشن کیا گیا‘‘۔
We congratulate Pakistan on their 77th Republic Day from #BurjKhalifa. pic.twitter.com/H5aaQamr6l
— Burj Khalifa (@BurjKhalifa) March 23, 2017
اس ٹویٹ میں اسکائی کریپر کی انتظامیہ سے ایک معمولی سی غلطی سرزد ہوئی ہے۔ پاکستان کا یہ ستترواں یوم جمہوریہ نہیں بلکہ ستترواں یوم قرارداد پاکستان ہے جبکہ اکسٹھ واں یوم جمہوریہ منایا جا رہا ہے کیونکہ 23 مارچ 1956ء کو ملک کے منظور کردہ پہلے آئین کے تحت کو اسلامی جمہوریہ پاکستان قرار دیا گیا تھا۔ اس کی یاد میں یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے۔
اس سے 16 سال قبل 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر قرارداد پاکستان کی منظور کی گئی تھی۔ اس قرارداد کی روشنی میں اسلامیانِ ہند سات سال کی شبانہ روز جدوجہد کے بعد 14 اگست 1947 ء کو اپنے لیے الگ وطن پاکستان کے حصول میں کامیاب ہوگئے تھے۔
اس تاریخی دن کی یاد میں ہر سال یوم پاکستان منایا جاتا ہے۔اس موقع پر سب سے بڑی تقریب دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کی جاتی ہے جہاں ملک کی تینوں مسلح مسلح افواج کے چاق چوبند دستے پریڈ کرتے ہیں۔ پاکستان کے اپنے تیار کردہ ہتھیاروں ،لڑاکا طیاروں اور دوسرے اسلحے کی بھی نمائش کی جاتی ہے۔اس مرتبہ یوم پاکستان کی پریڈ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان کے برادر اور دوست ممالک چین ،سعودی عرب اور ترکی کے دستوں نے بھی شرکت کی ہے۔