.

"نئی حکومت تشکیل پاتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے"

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ومتوقع وزیر اعظم عمران خان سے سعودی سفیر نے ملاقات کی. سعودی فرمانروا کی جانب سے الیکشن میں جیت پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔ سعودی سفیر نواف سعید بن المالکی نے جمعہ کے روز بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور سعودی فرمانروا کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا اور ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات وجذبات کا اظہار

کیا گیا اسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کیساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالی جائے گی۔

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متحرک سفارتی تعلقات کو مزید تقویت دی جائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے سعودی سفیر کا خیر مقدم کیا اور فرمانروا کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک اور پاکستان کا بااعتماد دوست ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان-سعودی عرب تعلقات کو ایک نئی جہت سے ہمکنار کرے گی۔