راولپنڈی: آرمی ایوی ایشن کا چھوٹا طیارہ آبادی پر گرنے سے 18 افراد جاں بحق
راولپنڈی میں پیر اور منگل کی شب آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق روالپنڈی کے علاقہ مورا کالو کے مضافاتی علاقے ربیع سینٹر میں گرنے والے تربیتی طیارے میں پانچ افراد تھے اور ان تمام کی اس حادثے میں موت ہو گئی۔
فوج کی جانب سے پیغام کے مطابق طیارہ گرنے سے ہلاک ہونے والے دونوں پائلٹ لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور لیفٹننٹ کرنل وسیم کے علاوہ نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل تھے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق طیارے کا ملبہ مکانوں پر گرا جس سے ان میں آگ لگ گئی۔ زیادہ جانی نقصان گھروں کو آگ لگنے سے ہوا کیونکہ اس وقت زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔
Exact moment when plane crashed in Bahria Town Islamabad , it can be seen it was flying very low and ultimately crashed. #BahriaTown #Planecrash pic.twitter.com/yLONEwWKoK
— Rizwan Haider (@razi_haider) July 29, 2019
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جن میں آرمی کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے پہلے اس کے نچلے حصے میں آگ لگی ہوئی تھی اور اس کے جلتے ہوئے ٹکڑے مکانوں پر گرے جن سے ان میں آگ لگ گئی۔
اس حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔ علاقے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا ہولی فیملی اسپتال ڈی ایچ کیو اور بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کا دوراہ اور طیارہ گرنےکےحادثہ میں زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کوبہترین علاج کے لئے احکامات جاری کیے-۔ راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ pic.twitter.com/jpOU0XYGYm
— Deputy Commissioner Rawalpindi (@DCRawalpindi) July 30, 2019
اطلاعات کے مطابق طیارہ گرنے سے کئی مکانوں آگ لگ گئی اور اس نے قریبی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا۔ آگ سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، جنہیں جلنے سے گہرے زخم آئے ہیں۔ ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔