پاکستان کے وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب آمد
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کی شب سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیر اعظم کا طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔

پاکستانی سفارتخانے کے ایک ترجمان کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر علیم خان بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایئر پورٹ سے شاہی دیوان کے لئے روانہ ہو گئے۔ ان کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم کا شاہی دیوان میں بھی استقبال کریں گے۔

وزیرِاعظم دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ وزیرِ اعظم مسجد نبوی میں حاضری بھی دیں گے اور مسجد الحرام میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے. وزیرِ اعظم جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی کریں گے۔