سپریم کورٹ کے لیے ’جونیئر جج‘ کے نام پر غور، پاکستان بار کونسل کا ہڑتال کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

وکلا کی ملک گیر تنظیم پاکستان بار کونسل نے سندھ ہائی کورٹ کے ’جونیئر جج‘ کو سپریم کورٹ کا جج لگانے پر دوبارہ غور کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے کے خلاف 28 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو جاری کیے گئے اعلامیے میں پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں جلد بازی میں بلائے گئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس پر غور کیا گیا۔

بیان کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ کا جج لگانے پر ازسر نو غور کے لیے جوڈیشل کمیشن کے جلد بازی میں بلائے گئے اجلاس پر بار کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا۔

پاکستان بار کونسل کے مطابق جسٹس محمد علی مظہر کے نام پر غور کے لیے 15 دنوں میں جوڈیشل کمیشن کا دوسرا اجلاس بلایا گیا ہے۔ اس سے قبل 13 جولائی کو بلائے گئے اجلاس میں یہ معاملہ موخر کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان بار کونسل نے گذشتہ اجلاس کے موقع پر بھی جسٹس محمد علی مظہر کے نام پر غور کے خلاف ہڑتال کی تھی۔

بار کونسل کے اعلامیہ کا عکس
بار کونسل کے اعلامیہ کا عکس

بار کونسل نے کہا ہے کہ چار سینیئر ججز کو نظر انداز کر کے جونیئر جج کو ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں لانے پر وکلا برادری کو سخت تحفظات ہیں۔

پاکستان بار کونسل نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے اس بیان کی بھی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ججز کو سپریم کورٹ میں لانے کے لیے سینیارٹی کے اصول کو احمقانہ قرار دیا تھا۔

خیال رہے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ سے ججز کی تعیناتیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی تحفظات کا اظہار کر رکھا ہے۔

واضح رہے سپریم کورٹ کے ججز جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منظور ملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد عدالت عظمیٰ میں ججز کی دو آسامیاں خالی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں