میرا نام بار بار لینے پر مریم تمہارا خاوند ناراض نہ ہوجائے: عمران خان
مسجد نبویﷺ کی حرمت کا پاس نہ کرنے والوں سے بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع: وزیراعظم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی حالیہ تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اپنی تقریر میں میرا نام اس جذبے اور جنون سے لیتی ہے کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ دیکھو تھوڑا دھیان کرو، تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔
ملتان میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میں سوچتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کو مجھے پر اتنا غصہ کیوں ہے؟ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟
سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ملتان جلسے میں مریم نواز کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین کا رد عمل سامنے آیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کے چچا شہباز شریف نے کہا کہ ’بیٹی مریم نواز کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پر زور مذمت کریں۔‘
بیٹی مریم نواز شریف کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں۔ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ مسجد نبوی کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 20, 2022
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج میرا اسلام آباد جلسے سے قبل آخری جلسہ ہے، آج ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، لوٹوں کو نا اہل کردیا گیا ہے، اتوار کو میں نے پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں فیصلے کے بعد 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرسوں میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا تاکہ آپ سب کو تیاری کا وقت مل جائے، انہوں نے مزید کہ 25 سے 29 تک آپ کو اسلام آباد آنے کی تاریخ مل جائے گی اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اسلام آباد آنے کی تیاری کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’ کم ظرفی کے اظہار سے ملک وقوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہو سکتی ہے؟’
انہوں نے مزید کہا کہ ’تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بد تہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے، قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔‘
مائیں اور بیٹیاں تو سب کی سانجھی ہوتی ہیں، والدہ کی محبت میں شوکت خانم ہسپتال بنانے والے عمران خان سے دوسروں کی ماؤں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔ عمران خان کے ایسے الفاظ پاکستانی سیاست اور معاشرے کو گندا کر رہے ہیں ایسا انسان کسی بھی صورت پاکستانی عوام کا لیڈر نہیں ہوسکتا۔
— Syed Khursheed Shah (@S_KhursheedShah) May 20, 2022