اقوام متحدہ کی جانب سے امن کے قیام میں فرائض کی انجام دہی کے دوران جان دینے والے پانچ پاکستانی فوجیوں اور ایک شہری کو بعد از شہادت اعزاز سے نوازا گیا۔
یہ چھ پاکستانی دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ان 117 امن فو جیوں میں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ سال فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دی اور جنہیں اس سال امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں جن پاکستانی فوجیوں کو بعد از شہادت اعزاز دیا گیا ان میں طاہر اکرام، طاہر محمود، محمد نعیم، عادل جان، محمد شفیق؛ اور سولین ابرار سید شامل ہیں۔
اقوام متحدہ، نیویارک میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے خصوصی تقریب 2022 میں امن کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی پیس کیپرز کے لیے تمغے اور اعزاز وصول کیے۔
Honoring - Who LOST LIVES for Peace!! 26th May 2022 @UNPeacekeeping #PKDay #PeoplePeaceProgress #PakistaniPeacekeepers 🇵🇰🇺🇳👏
— Permanent Mission of Pakistan to UN, NY (@PakistanUN_NY) May 26, 2022
✍️https://t.co/xD116IFYCH @DrMariamShaikh1 @PressWing_UN
سالانہ یادگاری تقریب میں اقوام متحدہ کے ان اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی یاد کو تازہ کرنے کے موقعے پر پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے لواحقین کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ"ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کا نقصان رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان میں پانچ پاکستانی بھی شامل تھے۔ ان امن فوجیوں نے اپنی جانوں سے اقوام متحدہ کے جذبے اور اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کی عظیم قربانی اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی لازوال خدمات کا ایک اور ثبوت ہے۔"
اس وقت دنیا میں امن قائم کرنے کے اقوم متحدہ کے نو فوجی مشنز میں 4400 پاکستانی فرائض انجام دے رہیں۔ اب تک 160 پاکستانی فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق امن دستوں کا عالمی دن، 29 مئی، فوجی اور سویلین اہلکاروں کی انمول خدمات کو یاد کرنے اور تقریباً 4,200 ان فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے 1948 سے اقوام متحدہ کے جھندے تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں۔