انتہا پسندوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں آپریشن؛7دہشت گرد ہلاک، 02 فوجی شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پارا چنار کے رہائشی 44 سالہ صوبیدار منیر حسین اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے رہائشی 38 سالہ حوالدار بابو خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں کسی بھی مزید دہشت گرد کی سرکوبی کے لیے کلیئرنس کا عمل جا ری ہے۔

خیال رہے کہ 25 جون کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گردہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

اس کے علاوہ 24 جون کو خیبرپختونخوا میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ 19 جون کو وسطی مکران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 19 جون 2022 کو بلوچستان کے علاقے پاروم کے قریب وسطی زمران رینج کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا تھا۔

یہ دہشت گرد، بہ قول آئی ایس پی آر، سکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے علاوہ پنجگور کے علاقے پروم اور گرد ونواح میں سکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ای ڈی نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔

پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو ان دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں