وزیراعظم شہبازشریف کی حاکمِ دبئی شیخ محمدبن راشد سے دوطرفہ تعلقات پربات چیت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان کے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم اور حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آلِ مکتوم سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔

شیخ محمد بن راشد نے وزیراعظم کا دبئی میں آمد پرخیرمقدم کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پرزوردیا اورکہا کہ پاکستان یواے ای کو ایک قابل اعتماد سیاسی اور اقتصادی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔

انھوں نے پاکستان اور یواے ای کے تعلقات کوتمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پربھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یواے ای کے مفاد میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انھوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع،دوطرفہ تعلقات کوٹھوس شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط کوتیزاور مضبوط بنانے کی اہمیت پرزوردیا۔

شیخ محمد نے یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور محنت کی تعریف کی اورکہا کہ اس نے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کومزید بڑھانے کے لیے اماراتی کی قیادت کے ساتھ مل کرکام کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے حاکمِ دبئی کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورۂ پاکستان کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کر لیا۔

وزیراعظم کی اماراتی ہیروزکی قومی یادگار واحہ الكرامہ آمد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یواے ای کے اپنے وطن کے دفاع اور اس کے تحفظ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کی قربانیوں اور بہادری کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ابوظبی میں واقع قومی ،ثقافتی اورتاریخی مقام واحہ الكرامہ کا دورہ کیا۔

وزیراعظم پاکستان کا استقبال شہداء کے خاندانی امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرشیخ خلیفہ بن طحنون نے کیا۔انھوں نے اس موقع پرگارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اورشہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

انھوں نے واحہ الكرامہ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔انھیں یادگار کے بارے میں بریفنگ دی گئی،جو اماراتی بہادر فوجیوں کی قربانیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی ہے۔انھوں نے یادگارپررکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات قلم بند کیے۔

واحہ الكرامہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں ایک قومی اور ثقافتی یادگارہے۔یہ اماراتی شہداء کی بہادری اوروطن کے دفاع میں ان کی قربانیوں کی یاد میں قائم کی گئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں