سعودی عرب نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے تازہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس واقعہ میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں سعودی سفارت خانہ نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی سلامتی اوراس کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے میں پاکستانی حکومت اورعوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں دہشت گردی کے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے اوران کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
مملکت سعودی عرب کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سعودی سفارت خانہ صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس میں متعدد افراد فوت اور زخمی ہوئے۔ pic.twitter.com/9qbvkEZsH6
— السفارة في باكستان - سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) February 5, 2023
کوئٹہ میں پولیس لائنز کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انھیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا اور فی الحال دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اورکہا ہے کہ اس بم دھماکے میں سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پشاور میں پولیس لائنز کے علاقے میں نماز کے وقت خودکش بم دھماکے میں ایک سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ان میں زیادہ تر پولیس اہلکار تھے۔
ٹی ٹی پی نے،جس کے افغان طالبان کے ساتھ نظریاتی روابط ہیں،گذشتہ سال 100 سے زیادہ حملے کیے تھے۔ان میں سے زیادہ تر اگست کے بعد کیے گئےہیں جب حکومتِ پاکستان کے ساتھ گروپ کے امن مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔ ٹی ٹی پی نے گذشتہ سال 28 نومبر کو جنگ بندی کا باضابطہ خاتمہ کردیاتھا۔ جنوری دہشت گردی کے واقعات کے اعتبار سے 2018 کے بعد سب سے مہلک مہینہ تھا۔اس میں ملک بھر میں دہشت گرد جنگجوؤں کے 44 حملوں میں 134 افراد مارے گئے تھے اور 254 زخمی ہوئے تھے۔